مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق النشرہ نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں صہیونی فورسز کی جارحیت کے نتیجے میں چھے لبنانی سویلین شہید اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صہیونی جنگی طیاروں نے سرحدی قصبے طیرحرفا اور ناقورا میں فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے عوامی املاک کو نقصان پہنچنے کے علاوہ جانی نقصان بھی ہوا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ناقورا پر حملے میں کم از کم چار افراد شہید ہوگئے۔
طیرحرفا کے مئیر نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے قصبے پر فضائی حملہ کیا جس سے کم از کم ایک شہید اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حملے میں کئی مکانات تباہ ہوکر ملبے کے ڈھیر میں بدل گئے ہیں۔ ملبے کے نیچے دبے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے کہا کہ سرحدی قصبوں پر حملہ حزب اللہ کی جانب سے صہیونی قصبے کریات شمونہ پر حملے کے جواب میں کیا گیا ہے۔