فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی المناک صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے صیہونی حکومت کے جرائم اور حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطینی وزارت صحت نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ ​​کے آغاز سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 31923 ہوگئی ہے۔ جن میں 72 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔

اس وزارت کے اعلان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ میں مزید وحشیانہ قتل عام کے دس جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں 104 فلسطینی شہید اور 162 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ تقریباً 8000 افراد اب بھی لاپتہ اور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔