پاکستان نے مثبت جواب نہ دیا تو ایران پیرس میں قائم بین الاقوامی ثالثی فورم میں پاکستان کیخلاف 18؍ ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ دائر کرے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جیو نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سینئر سرکاری افسران نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ایران نے انتہائی زیادہ تاخیر کا شکار ایران پاکستان (آئی پی) گیس لائن منصوبے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کو 180؍ دن کی ڈیڈ لائن ستمبر 2024 تک بڑھا دی ہے اور اگر پاکستان نے مثبت جواب نہ دیا تو ایران پیرس میں قائم بین الاقوامی ثالثی فورم میں پاکستان کیخلاف 18؍ ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ دائر کرے گا۔

تاہم، ایران نے پاکستان کو اپنی تکنیکی اور قانونی مہارت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے تاکہ دونوں فریقین کیلئے مشترکہ کامیابی کی حکمت عملی اختیار کی جا سکے اور معاملہ انٹرنیشنل آربریٹریشن میں لیجانے سے گریز کیا جا سکے، ساتھ ہی پاکستان کو ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اثرات سے بھی بچایا جا سکے۔