مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے سپاہ پاسداران انقلاب کے تین فوجی مشیروں کی آخری رسومات ایران کے دارالحکومت میں ادا کردی گئیں، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملے میں شہید والے فوجی مشیروں میں سے ایک کی تدفین ملک کے دار الحکومت کے شمال مشرقی محلے میں ہوئی جب کہ دیگر دو شہیدوں کی تدفین مذہبی شہر قم میں عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں فوجی مشاورتی مشن پر خدمات انجام دینے والے فوجی افسران دمشق میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔
ایران نے دمشق کی درخواست پر شام میں ایک مشاورتی مشن کو برقرار رکھا ہے جس کا مقصد جنگ زدہ ملک کو غیر ملکی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کو شکست دینے میں مدد کرنا ہے، جو 2011 سے شامی حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ایران نے شام کو داعش کو شکست دینے اور دہشت گردوں سے تقریباً تمام علاقوں کا کنٹرول واپس حاصل کرنے میں فوجی مشاورت کے ذریعے بھرپور مدد کی ہے۔
ہفتے کے روز شام میں ایران کے فوجی مشیروں پر اسرائیلی حملہ اس وقت ہوا جب ایران نے عراقی کردستان کے علاقے اربیل میں صیہونی جاسوسی کے اڈے کو نشانہ بنایا جس میں ایک اہم اسرائیلی انٹیلی جنس افسر ہلاک ہوا۔