مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، بعض میڈیا سورسز نے دمشق کے المیزہ محلے پر صیہونی رجیم کے آج کے حملے کے دوران فلسطین کی تحریک اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل "زیاد النخالہ" کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم باخبر ذرائع نے العربی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کی ہے۔
ادھر المیادین ٹی وی چینل نے بھی خبر دی ہے کہ شام میں فلسطینی تحریک اسلامی جہاد کے نمائندے "اسماعیل السنداوی" نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس تحریک کی تمام فورسز دمشق میں مکمل طور سالم ہیں اور شام کے خلاف صیہونی رجیم کے جارحانہ حملے میں تحریک اسلامی جہاد کے کسی دفتر کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
واضح رہے کہ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی SANA کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ دمشق کے المیزہ محلے پر صیہونی حکومت کے حملے کے دوران ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔