صہیونی فوج کے سربراہ نے لبنانی سرحد پر کشیدگی میں اضافے کے بعد حزب اللہ کے ساتھ جنگی محاذ کھلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عبرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ جنرل ہرٹزی ہالیوی نے شمالی سرحدوں پر لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اضافے کے بعد نئی محاذ جنگ کھلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

لبنانی سرحد کے نزدیک فوجی مشقوں کی نگرانی کے دوران انہوں نے کہا کہ شمالی سرحدوں پر ماضی کی نسبت جنگ کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں۔ جنگ کب شروع ہوگی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم گذشتہ کی نسبت جنگ کے امکانات بہت حد تک بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا جنگی مشقیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ ہمیں لبنان کے ساتھ جنگ کی صورت میں اپنی آمادگی شروع کرنا چاہئے۔ ہم نے غزہ کی جنگ سے بہت تجربہ حاصل کیا ہے۔ ان تجربات کی روشنی میں لبنان کے ساتھ جنگ کے دوران شمالی سرحدوں پر صہیونی شہریوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ طوفان الاقصی کے ابتدائی دنوں کے دوران لبنانی سرحدی علاقوں میں مقیم صہیونی شہری دوسرے علاقوں کی طرف ہجرت کرکے چلے گئے ہیں۔