مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مفسر قرآن آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت پر جامعہ روحانیت بلتستان اور حسینیہ کمیٹی کی طرف سے قم میں منعقدہ ایصال ثواب کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام ڈاکٹر مشتاق حکیمی نے کہا کہ شیخ محسن نجفی ایک جامع شخصیت کے مالک تھے۔ آپ نے جہاں دینی تعلیم کے وسائل فراہم کئے اور مدارس تعمیر کئے وہیں پر اسوہ پبلک سکول کا نیٹ ورک بچھایا اور مختلف کالج بھی بنوائے۔ آپ نے جہاں تعلیم پر زور دیا وہاں آپ نے صحت کے شعبے میں بھی کام کیا۔ اسی طرح آپ نے رفاہ عامہ کے حوالے سے غریب و نادار خاندان کو سرپرستی بھی دیا۔
حکیمی کا کہنا تھا شیخ محسن علی نجفی آج اگر اس مقام تک پہنچے ہیں اور جہاں تشیع کی اعلی ترین شخصیات بالخصوص آیت اللہ العظمی خامنہ ای اور آیت اللہ العظمی سیستانی ان کی رحلت پر سوگوار ہیں تو یہ مرحوم کا خلوص اور اللہ سے قرب کا نتیجہ ہے کیونکہ اللہ کا وعدہ ہے جو اللہ کا ہوتا ہے اسے اللہ بلند مقام عطا کرتا ہے۔
ڈاکٹر حکیمی نے آپ کی قرآنی خدمات کے بارے میں تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ مرحوم نے ترجمہ اور تفسیر قرآن کی تدوین کے علاوہ نئی نسل کو قرآن سے مانوس کرنے کے لئے دار الحفاظ اور مدرسہ بنت الہدی کا اہتمام کیا۔
آپ نے محسن ملت کے بارے میں کہا آج آپ نے بلتستان کا نام روشن کیا اور پوری دنیا میں بلتستان کی پہچان کا باعث بنے اور حقیقت یہی ہے کہ محسن ملت پاکستان کی پیشانی کے جھومر تھے۔