لبنان کی حزب اللہ نے شہید صالح العاروری اور وسام طویل کے قتل کے جواب میں مقبوضہ شہر صفد میں صیہونی فوج کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے  شہداء صالح العاروری اور وسام طویل کے قتل کے جواب میں صیہونی فوج  کے ہیڈکوارٹر پر متعدد خودکش ڈرونز سے حملہ کیا۔

اس سے قبل صیہونی سرکاری ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا تھا کہ مقبوضہ شہر صفد پر حزب اللہ نے قابض فوج کی سینٹرل کمانڈ بیس کو متعدد میزائلوں یا ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
ان ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوجی بیس کو جنوبی لبنان سے نشانہ بنایا گیا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ میزائل حملہ تھا یا ڈرون حملہ۔ تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی مقبوضہ فلسطین کی صیہونی بستی صفد کے آبادکار پہلے ہی اس شہر میں مسلسل خطرے کے سائرن بجنے کی وجہ سے شدید خوف و ہراس میں مبتلاء ہیں۔