مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کرمان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی اور تمام ممالک اور اقوام کے لیے خطرہ ہے۔
ایک بار پھر، ہم دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور واقعے کے ایرانی اور افغان شہداء کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
عمرہ حج پروازوں میں تاخیر کی تکنیکی وجوہات
سعودی عرب کے لیے عمرہ حج پروازوں میں تاخیر پر کنعانی نے کہا کہ سڑکوں اور شہری ترقی کی وزارت کے متعلقہ حکام اور حج و زیارت کی تنظیم نے پہلے ہی اس مسئلے کے بارے میں وسیع تفصیلات فراہم کر دی ہیں، جو ان کے بقول سیاسی کی بجائے تکنیکی تھی۔
سعودی عرب اس سلسلے میں خود کو پوری طرح پرعزم سمجھتا ہے اور ہمارے ملک کے متعلقہ ادارے بھی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ہم نے امید ظاہر کی کہ یہ تکنیکی رکاوٹ بھی دور ہو جائے گی۔‘
تمام ممالک غزہ جنگ کے خاتمے کے حامی ہیں
کنعانی نے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے فوری خاتمے کی تمام ممالک مکمل طور پر تائید کرتے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد اور دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اس حقیقت کی باوجود امریکہ جنگ بندی نہیں ہونے دیتا۔ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو ویٹو کرتا ہے۔
کنعانی نے کہا کہ غاصب رجیم کا قبضہ ہی مسئلہ فلسطین کی بنیاد ہے اور اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے جوکہ ایسے کسی بھی یکطرفہ راہ حل کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا جس سے صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ علاقائی مسائل علاقائی حکومتوں اور اقوام کو حل کرنے چاہئیں، جب کہ امریکہ زیادہ تر مسائل کا ذمہ دار ہے، لہذا اسے خطے میں اپنی مداخلت پسندانہ پالیسیاں بند کرنا ہوں گی۔
کنعانی نے عراق کی صورت حال کے بارے میں کہا کہ مزاحمتی گروپ غزہ جنگ میں واشنگٹن کی جانب سے صیہونی رجیم کی حمایت کے خلاف اپنا احتجاج ظاہر کرنے کے لیے امریکی اڈوں پر حملے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم تحفظ کی بنیادی وجہ امریکی افواج کی غیر قانونی موجودگی، علاقائی ممالک کے معاملات میں ان کی مداخلت اور صیہونی حکومت کے لیے ان کی اندھا دھند حمایت ہے۔
کنعانی نے مزید کہا کہ ایران نے عراق کو پہلے ہی آگاہ کر دیا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے اندر یا کسی اور وجہ سے امریکی افواج کی موجودگی عراق اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ علاقائی ممالک میں اپنی موجودگی کو نہایت بے شرمی سے انہی ممالک کے خلاف استعمال کرتا ہے۔
جب کہ عراقی سیکورٹی اور فوجی دستے بیرونی طاقتوں کی مدد کے بغیر اپنے ملک میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔