مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یمنی خودمختاری کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں سخت ردعمل سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو ہم بتانا چاہتے ہیں کہ امریکہ سمندری کشتیوں کی حفاظت کی آڑ میں صہیونی حکومت کو بچانے کی کوشش کررہا ہے لہذا اس کی حمایت کرنے سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے ہمارا اصولی موقف برقرار ہے۔ حالات بدلنے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
جنرل یحیی سریع نے کہا کہ یمنی فوج ملک اور عوام کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی کاروائی کا جواب دینے کے لئے تیار ہے۔ امریکہ کو چاہئے کہ انصاراللہ کی دھمکیوں کو سنجیدہ لے۔