مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین میں جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ شدید جارحیت کے باوجود اسرائیلی فوج کو کوئی قابل ذکر کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ حماس اور دیگر تنظیمیں جوابی کاروائی میں صہیونی فوجیوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچارہی ہیں۔
میدان جنگ کے حالات کے پیش نظر ماہرین اور مبصرین صہیونی فوج کی شکست کا اعتراف کررہے ہیں۔ صہیونی دفاعی مبصر برہام مائیر نے چینل 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اب اعتراف کرنا پڑے گا کہ طوفان الاقصی کے بعد ہونے والی جنگ میں حماس کامیاب ہورہی ہے۔
صہیونی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کا غرور اس کی تباہی کا باعث بن رہا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہماری فوج کی 25 بکتربند گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔
انہوں نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر بکتربند گاڑی میں کم از کم تین فوجی اہلکار ہوتے ہیں اس طرح مجموعی طور پر 75 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ تاریخ میں اسرائیل کو اتنا بڑٓا نقصان نہیں ہوا ہے۔
صہیونی حکومت اور فوج کی جانب سے خبروں کی شدید نگرانی کے باوجود اسرائیلی مبصرین اور ماہرین اشاروں اور کنایوں میں فوج کو ہونے والے نقصانات سے پردہ اٹھارہے ہیں۔