مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے ایک مشترکہ بیان میں مصر اور قطر کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے قیام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو فوری اور مکمل بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مذکورہ گروہوں نے غزہ میں مزید زخمی فلسطینیوں کو علاج کے لیے مصر بھیجنے کا بھی مطالبہ کیا۔
فلسطین کے ۔زاحمتی گروہوں نے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مزاحمتی فورسز نے صیہونی حکومت سے جنگ بندی معاہدے کی پابندی کا بھی مطالبہ کیا۔
ادھر فلسطینی ذرائع نے آج صبح اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
صیہونی حکومت کے ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کے شمال مغرب میں شیخ رضوان اور الشاطی کیمپ کے علاقوں کو نشانہ بنا کر غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
حالیہ دنوں میں غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے کئی بار اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمت نے حال ہی میں الاقصیٰ طوفان آپریشن میں صیہونی حکومت کی فوجی ناکامیوں کے بعد قابضوں کو ایک عارضی جنگ بندی معاہدے کو قبول کرنے پر مجبور کیا تھا جس میں ایک فلسطینی قیدی کی رہائی کے بدلے تین صیہونی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔