اسرائیلی داخلی سیکورٹی کے مطالعاتی مرکز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے حماس کے مقابلے کمزوری اور بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیدیوں کے تبادلے پر حماس کی شرائط قبول کرلی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی داخلی سیکورٹی کے بارے میں مطالعاتی مرکز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس جدید دور کی اس جنگ میں اسرائیل پر باز لے گیا ہے اور ہر پہلو کے لحاظ سے حماس ہی جیت گئی ہے۔

سٹڈی سینٹر نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ فلسطینی تنظیم نے اسرائیل کو ایک مرتبہ پھر حواس باختہ کردیا ہے اور اس جنگ میں بہترین نتائج حاصل کرتے ہوئے عمومی سطح پر صہیونی عوام کی مثبت رائے کو اپنی طرف مبذول کرایا ہے۔

مطالعاتی مرکز نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے حماس کے مقابلے میں کمزوری اور بزدلی کا مظاہرہ کیا اور قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں حماس کی شرائط قبول کرلیں۔

فلسطینی قیدیوں کی رہائی حماس کی کامیابی ہے۔ قیدیوں نے اپنے ہاتھوں میں حماس کا پرچم اٹھا رکھا تھا۔ اس تبادلے کے بعد غرب اردن میں بھی فلسطینی اتھارٹی کے مقابلے میں حماس کی جڑیں مضبوط ہورہی ہیں۔