مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ مذاکرات کے طویل اور پیچیدہ مراحل کے بعد غاصب صہیونی حکومت کے ساتھ غزہ میں چار روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
تنظیم کے مطابق اس مدت میں صہیونی حکومت غزہ پر حملے نہیں کرے گی۔ تنظیم نے کہا ہے کہ مصر اور قطر کی انتھک کوششوں کے بعد جنگ بندی عمل میں آئی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کے بعد شہر کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس دوران حماس کی قید میں موجود 50 اسرائیلی عورتوں اور بچوں کو آزاد کیا جائے گا جبکہ دوسری اسرائیل 150 فلسطینی عورتوں اور بچوں کا آزاد کرے گا۔
ان چار دنوں کے دوران جنوب میں صہیونی جہازوں کی سرگرمیاں بند رہیں گی۔ معاہدے کے مطابق صہیونی فورسز ان چار دنوں کے اندر غزہ میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گی۔
تنظیم نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود ہمارے ہاتھوں میں اسلحہ ہوگا اور القسام کے جوان فلسطین کا دفاع کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہوں گے۔
اس سے پہلے صہیونی ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لئے پانچ روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔