مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کے متعدد عہدیداروں، انسانی ہمدردی کے اداروں، مذہبی اداروں کے سربراہوں ، یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور جنیوا میں مقیم بعض غیر ملکی سفیروں کی موجودگی میں فلسطین کی موجودہ پیش رفت اور غزہ میں صیہونی رجیم کی جارحیت کے حوالے سے خطاب کیا۔
ان کے خطاب کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
جناب صدر و معزز شرکاء
میں اس نشست کی میزبانی کرنے پر جنیوا سینٹر فار ہیومینٹیرین ڈائیلاگ اور اسلامی جمہوریہ ایران میں اپنے ساتھیوں کا اس پروگرام کو مربوط کرنے پر شکر گزار ہوں۔
ہم جنیوا شہر میں، جو انسانی ہمدردی کی بات چیت کے عالمی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے اور ایک ایسی تنظیم میں جس کا عنوان ہے "انسانی ہمدردی کے مکالمے" اور جس کے مشن اور ذمہ داری کی تعریف "انسان دوستی کے امور سے نمٹنے" کے طور پر کی گئی ہے، ہم آج دنیا میں فوری انسانی المیے یعنی غزہ کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔
دوستان عزیز
اس ڈائیلاگ کے انعقاد کے لیے جنیوا کا انتخاب بلا وجہ نہیں تھا جس طرح وقت کے لحاظ سے انتخاب کی بھی واضح وجہ ہے۔
جنیوا جنگ کو قدرے زیادہ انسانی بنانے کے لیے انسانی تہذیب کی اہم ترین کامیابیوں کی ترقی اور تالیف کا مقام رہا ہے۔
1949 کے چار جنیوا کنونشنز کو مسلح تنازعات کے انسانی ضابطے کے لیے بنی نوع انسان کی تاریخی کوشش کا نچوڑ سمجھا جاتا ہے جن کے مشترکہ آرٹیکل کے مطابق تمام حکومتیں نہ صرف اس کے قوانین کی پاسداری کرنے کی پابند ہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ دوسرے بھی ان کے ساتھ عمل کریں. "احترام اور احترام کو یقینی بنانے" کا اصول مسلح تنازعات کے قانون میں ایک کلیدی اصول ہے۔
اس کے علاوہ جنیوا کنونشنز کے لیے دو ضمنی پروٹوکول تیار کرنے کی جگہ بھی جنیوا ہے۔
1977 کے پروٹوکول نمبر 1 کے مطابق ایک بین الاقوامی مسلح تصادم کے طور پر حق خودارادیت کے حصول کے لیے غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں یا نسل پرستی کے تحت لوگوں کی مسلح جدوجہد قانون جنگ کے قوانین اور اصولوں میں شامل ہے۔ اس نقطہ نظر سے فلسطینی مزاحمت ایک آزادی طلب جائز تحریک ہے، دہشت گرد گروہ بالکل نہیں۔
ایک اور نکتہ یہ ہے کہ قابض حکومت کو جائز دفاع کا حق تفویض کرنے کی کوئی منطق اور بنیاد نہیں ہے۔
وقت کے لحاظ سے یہ اجلاس غزہ پر مسلسل بمباری کے 40ویں دن اور جدہ میں 18 نومبر کو اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سربراہی اجلاس کے صرف تین دن بعد منعقد ہوا ہے۔ سربراہی اجلاس کی حتمی قرارداد کے پیراگراف 11 میں اسلامی ممالک کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی انسانی تباہی پر روشنی ڈالنے اور فلسطین کے نہتے عوام کے خلاف جنگی جرائم کو روکنے کے لیے سفارتی کوششوں میں اضافہ کریں۔
جنیوا میں میری موجودگی اور انسانی ہمدردی کی بات چیت کے مرکز میں ہونے والی اس میٹنگ میں اور جنیوا میں مقیم کچھ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ میں جو اہم مشاورت ہوگی وہ اسلامی جمہوریہ ایران کا وزیر خارجہ ہونے کے علاوہ مجھے او آئی سی کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داری کے مطابق ضروری سمجھتا ہوں۔
معزز سامعین
آج بین الاقوامی انسانی قانون اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت کے بارے میں بات کرنا کوئی نظریاتی اور تجریدی بحث نہیں ہے۔ اس کے برعکس آج کا دور ان نازک اوقات میں سے ایک ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم نے برسوں سے سفارتی کانفرنسوں اور علمی حلقوں میں جو باتیں کی ہیں اور اس کی خوبیوں کو شمار کیا ہے وہ عملی میدان میں اہمیت کی حامل ہیں اور انہیں درست سمجھا جاتا ہے۔ تاہم بین الاقوامی انسانی قانون کی حیثیت اور قانونی اور اخلاقی جواز کو ایک سنگین امتحان کا سامنا ہے۔
آئیے ہم کسی قابض اور نسل پرست رجیم کو انسانی حقوق کے میدان میں بین الاقوامی نظام کے وقار کو چیلنج کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دیں۔
حکومتوں کے نمائندوں اور انسان ہونے کے ناطے ہم سب کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ ہم اس تباہ کن قانون شکنی کے اقدام کو روکیں جو ہر لمحہ تباہی قتل و غارت گری کر رہا ہے۔
جنیوا میں 1949 کے چار کنونشنز کا مشترکہ آرٹیکل 1 ذمہ داری کی وضاحت کرتا ہے۔
نسل کشی کنونشن کے آرٹیکل 1 نے نسل کشی کو روکنے کے لیے ریاستوں کی قانونی ذمہ داری کو بھی واضح کیا ہے اور یہ ایک ایسا فرض ہے جو بین الاقوامی عدالت انصاف کے اظہار رائے کے مطابق عالمی نوعیت کا ہے۔
قابض(صیہونی) رجیم بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کے ساتھ ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے پر مصر ہے جو بیک وقت جنگی، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے طور پر بیان کیے جاتے ہیں، لیکن رجیم کا یہ اقدام نہ صرف ہمیں غیر فعال ہونے کا باعث نہیں بننا چاہیے بلکہ اس سے ہمیں اپنے آپ کو جنیوا کنونشنز کے قواعد کی "تعمیل کو یقینی بنانے" اور نسل کشی کو روکنے کے لیے ثابت قدم رکھنا چاہئے۔
انسانی حقوق کی مسلسل، واضح اور شدید خلاف ورزیوں کی طرف عدم توجہی قانون کی حکمرانی کے اصول اور بین الاقوامی قانون کی درستگی کے لیے ایک ناقابل تلافی دھچکا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ان چالیس دنوں میں غزہ کے خلاف جتنے بم اور دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا وہ ہیروشیما میں امریکی ایٹم بم کی دھماکہ خیز طاقت سے تین گنا زیادہ تھا۔