مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے تل ابیب کی جانب سے غزہ میں انٹرنیٹ کی سہولیات منقطع کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جنگی جرائم پر پردہ ڈالنے اور دنیا کی نظروں سے پنہاں کرنے کے لئے ان اقدامات کا سہارا لے رہا ہے۔
فلسطینی صحافیوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل مواصلاتی رابطے منقطع کرنے کے بعد غزہ میں نسل کشی کرنا چاہتا ہے۔
المیادین کے مطابق انٹرنیٹ سہولیات منقطع ہونے کے بعد غزہ کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا ہے۔
مبصرین کے مطابق غزہ پر وسیع زمینی حملے شروع ہونے کے ساتھ مواصلاتی سہولیات ختم کرنے کا مقصد جنگی جرائم اور مظالم کو میڈیا کی نظروں سے پنہاں کرنا ہے۔
حماس کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق غزہ کے شمال میں انٹرنیٹ کی سہولیات منقطع ہونے کے ساتھ ہی صہیونی فوج نے شدید حملے کئے ہیں۔