مہر خبررساں ایجنسی نے کہا ہے کہ امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے امریکی وزارت دفاع کے حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکہ نے غزہ پر حملے کی صورت 2 ہزار سپاہیوں کو اسرائیل کی مدد کے لئے مخصوص کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار باقاعدہ جنگ میں حصہ لینے کے بجائے اسرائیلی فوج کے ساتھ مشاورت اور دیگر امور انجام دیں گے۔ البتہ اب تک اہلکاروں کو تیار رہنے کا حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔
اخبار نے باخبر حکام سے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ فوجی اہلکار اس وقت مشرق وسطی اور یورپ وغیرہ میں تعیینات ہیں۔ اب تک واضح نہیں ہے کہ امریکہ کن حالات میں ان اہلکاروں کو تل ابیب بھیجے گا لیکن پینٹاگون کے فیصلے سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ غزہ پر صہیونی حکومت کے زمینی حملے کی صورت میں ان اہلکاروں کو روانہ کیا جائے گا۔
منگل کی رات صہیونی چینل 12 نے کہا تھا کہ صہیونی فضائیہ پورے یورپ سے سینکڑوں فوجی اہلکاروں کو فلسطین کے ساتھ جنگ میں حصہ لینے کے لئے اسرائیل لائے گی۔