مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں، ہم غزہ کے گھیراؤ کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں لوگوں کے پاس پانی ہے نہ خوراک ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے مسئلے پر واضح مؤقف رکھتا ہے، شہری آبادی پر حملوں اور غزہ کے محاصرے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیل فلسطین کے بارے میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، غزہ میں انسانی امداد کے لیے اقوامِ متحدہ سے رابطے میں ہیں۔
نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اسرائیل کے معاملے پر پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے کا حل نکالنا انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان کی فلسطین پر پوزیشن ماضی سے پیوستہ ہے۔