شام کی سرزمین سے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر موجود صہیونی مورچے میزائل حملوں کی زد میں آگئے جس کے جواب میں صہیونی فورسز نے توپخانے سے شامی علاقوں کو نشانہ بنایا

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ شام کے علاقوں سے مقبوضہ گولان کے صہیونی زیرقبضہ علاقوں پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صہیونی فورسز نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے شامی علاقوں کو توپخانے سے نشانہ بنایا ہے۔

گولان کی پہاڑیوں پر حملے کے بعد صہیونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام سے ہونے والے حملوں کا فوری طور پر جواب دیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق شامی علاقوں سے مقبوضہ گولان پر 8 میزائل فائر کئے گئے جن میں 7 زمین پر گرے جبکہ ایک کو آئرن ڈوم سسٹم نے فضا میں تباہ کردیا۔

میزائل حملوں کےجواب میں صہیونی فورسز نے شامی شہر درعا میں مختلف مقامات پر حملے کئے۔

مبصرین کے مطابق شام اور لبنان کی سرزمین سے ہونے والے حملے صہیونی حکومت کے لئے پیغام ہیں۔

دراین اثناء عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کے ذریعے صہیونی حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ غزہ پر حملے جاری رہنے کی صورت میں مداخلت کی جائے گی۔