مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی سرکاری خبررساں ادارے وفا نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق علی الصبح العودہ ہسپتال پر فضائی حملے کی دھمکی دی ہے۔
فلسطینی زرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی حکومت العودہ ہسپتال پر حملے کے لئے آمادہ ہے۔ ادارہ صحت نے بھی اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے ہسپتال کو خالی کرنے کے لئے دو گھنٹے کی مہلت دی ہے۔
ادارے نے صہیونی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہسپتال کے عملے کی حفاظت کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے اسرائیلی طیاروں نے بچوں کے ہسپتال کو مشرقی غزہ میں حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں سفید فاسفور سے بھرپور بم استعمال کئے گئے تھے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ فاسفور بموں سے حملے کے بعد غزہ کے اس ہسپتال کو مکمل خالی کردیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق اب تک صہیونی حملوں میں 1900 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 614 بچے اور 370 خواتین شامل ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اب تک حملوں میں طبی عملے کے 15 ارکان شہید اور 23 ایمبولینس گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔