مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، المیادین کے رپورٹر نے خبر دی ہے کہ غزہ کا پاور پلانٹ ناکارہ ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ کے واحد پاور پلانٹ کی خرابی سے غزہ میں بجلی کی ترسیل مکمل طور پر منقطع ہوگئی۔
غزہ سے المیادین کے رپورٹر نے بتایا ہے اس پاور پلانٹ کی ناکامی سے آج غزہ بجلی، پانی اور مواصلات سے محروم ہے۔
چند گھنٹے قبل غزہ میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں بجلی گھر چند گھنٹوں میں مکمل طور پر ناکارہ ہو جائے گا، غزہ کی پٹی ایک بڑی انسانی تباہی کے خطرے سے دوچار ہے۔
اگر غزہ میں پاور پلانٹ ناکام ہو گیا تو یہ پٹی تاریکی میں ڈوب جائے گی اور زخمیوں کا علاج اور اس علاقے کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو جائے گی۔
فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ہم عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اس پٹی میں صیہونی رجیم کے جرائم اور فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ .
اس حوالے سے غزہ الیکٹرسٹی کمپنی کے سربراہ ظفر ملحم نے بتایا کہ غزہ کے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ میں صرف تین لاکھ لیٹر ایندھن باقی رہ گیا ہے جو کہ اس پلانٹ کے صرف 10 سے 12 گھنٹوں کے لئے ہے۔