مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایڈمرل تنگسیری نے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران کی آرمی ایئر ڈیفنس فورس کے پاس جدید ترین اور بہترین نظام موجود ہے اور یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ہماری مسلح افواج خطے میں اعلیٰ فضائی دفاعی صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ہمارے دشمن اس سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے ایران کی دفاعی طاقت کو رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہنمائی میں مسلح افواج کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے درمیان یہ اتحاد اور یکجہتی معزز قیادت اور عظیم ایرانی قوم کے اطمینان کا باعث ہے۔
تنگسیری نے کہا کہ اپنے نوجوانوں اور ملکی سائنس دانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کی بدولت، ہم نعروں کی حدود سے نکل کر عمل اور تجربے کے میدان میں داخل ہو گئے ہیں اور خطے اور دنیا کی ایک اہم طاقت میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
ایرانی فوج کی ایئر ڈیفنس فورس کے کمانڈر، بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے فضائی اہداف کی کسی بھی نسل کا پتہ لگانے، ٹریک کرنے، روکنے اور تباہ کرنے میں ایران کی مہارت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر تیار کردہ میزائل دفاعی نظام اور ریڈار نے ایران کو عالمی سطح پر اور خطے میں ایک قابل اعتماد فضائی دفاعی طاقت کے طور پر متعارف کیا ہے۔
ایران نے حال ہی میں 'ٹیکٹیکل صیاد' کے نام سے ملکی سطح پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام کی نقاب کشائی کی ہے، جو 180 کلومیٹر کے فاصلے پر 24 اہداف کا پتہ لگانے اور 12 اہداف کو بیک وقت نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
2018 میں، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلح افواج کے فضائی دفاعی اڈے کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے اسے ایران کے مخالفین کے خلاف صف اول کی پوزیشن قرار دیا اور آرمی بیس کی صلاحیتوں اور فضائیہ کے اہلکاروں کی پیش رفت کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔