مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے کہا ہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد اسلامی کے مسلح ونگ قدس بریگیڈ نے گذشتہ دنوں جنین پر صہیونی جارحیت کے دوران اسرائیلی فوج کے ڈرون کو مارگرایا تھا۔ آج تنظیم نے تباہ شدہ ڈرون کی تصاویر میڈیا میں منتشر کردی ہیں۔
یاد رہے کہ جنین پر جارحیت کے دوران چالیس گھنٹوں کے اندر مقاومتی تنظیموں نے صہیونی فورسز کے پانچ ڈرون تباہ کردیے تھے۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز جنین میں حملوں کے دوران چار ڈرون طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی جن میں اہم ترین ڈرون Matrice 300 RTC بھی شامل ہے۔
مبصرین کے مطابق جنین میں جارحیت کا مقصد مقاومتی مجاہدین کی بڑی تعداد میں گرفتاری اور ان کی دفاعی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔
فلسطینیوں کی مقاومت اور دفاعی تیاری کی وجہ سے صہیونی فورسز اپنے اہداف میں بری طرح ناکام ہوگئیں اور ہمیشہ کی طرح شکست کا سامنا کرنے کے بعد رہائشی مکانات اور بے گناہ شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 13 شہری شہید اور 120 زخمی ہوگئے تھے۔