مہر خبررساں ایجنسی نے خبررساں ادارے اناتولی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سوڈان میں مسلح افواج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف شہروں میں شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خرطوم کے شمالی اور مغربی علاقوں میں فریقین کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں طرف سے بھاری اور ہلکے ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں۔
خرطوم کے بعض علاقوں میں جنگی طیارے فضاؤں میں چکر لگا رہے ہیں اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
سوڈان کے جنوبی صوبے صوبے کردفان کے دارالحکومت الابیض کو پیراملٹری فورسز نے گذشتہ چار دنوں سے محاصرے میں لے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ سوڈان میں مسلح افواج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان اپریل میں خانہ جنگی شروع ہوگئی تھی۔ اب تک کئی مرتبہ جنگ بندی کی کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن مستقل اور پائدار حل تلاش کرنے میں ناکامی ہورہی ہے۔
گذشتہ مہینے امریکہ اور سعودی عرب کی ثالثی میں جدہ میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کی کوشش کی گئی تھی لیکن مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات کی وجہ سے یہ کوشش ناکامی سے دوچار ہوگئی تھی۔
اقوام متحدہ انسانی حقوق کے ادارے کے مطابق سوڈان میں خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک 28 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 11 ہفتوں کے دوران 15 امدادی کارکن اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔
سوڈانی وزارت صحت کے مطابق جھڑپوں کے دوران تین ہزار سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں۔