مہر خبررساں ایجنسی نے الوطن کے حوالے سے کہا ہے کہ اس سال بیت اللہ کی زیارت اور حج کے فرائض انجام دینے والوں کی اکثریت جنوب مشرقی ایشیا سے تعلق رکھتی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق اس سال بیس لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سعودی وزارت حج اور دیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے مختلف منصوبے پیش کرنے کی وجہ سے اس سال حج کی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت حج کے مطابق حرمین شریفین کے درمیان ریلوے لائن بچھانے کے لئے 60 ارب ریال کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر چار گھنٹوں سے کم ہوکر دو گھنٹے میں طے ہوگا۔
علاوہ ازیں جدہ میں واقع شاہ عبدالعزیز ائیرپورٹ کو 64 ارب ریال سے زائد کی لاگت کےساتھ حجاج کرام کی رفت و آمد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کے اسی فیصد کا تعلق بیرونی ممالک اور بیس فیصد سعودی شہری ہوں گے۔ سعودی حکام نے اس سال شرائط میں نرمی کرتے ہوئے عورتوں کے ساتھ محرم مرد کی موجودگی اور عمر کی شرط کو ختم کردیا ہے البتہ بارہ سال سے کم عمر کی سعودی شہری حج نہیں کرسکتے ہیں۔