مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عبرانی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے صہیونی داخلی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
صہیونی خبری ویب سائٹ مفزاکی راعم نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس مین چار مسلح افراد سیاہ لباس میں ملبوس اور سر پر سبز رومال باندھے ہوئے ہیں۔ ان میں ایک اپنی جیب سے ایتمار کی تصویر نکالتا ہے اور کلاشن کوف کا رخ اس کی طرف کرکے نشانہ بنانے کی دھمکی دیتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق مسلح افراد اس ویڈیو میں ایتمار کو قتل کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے بن گویر نے کہا تھا کہ ہمیں دھمکی دینے والی حماس کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم بیت المقدس میں ہی رہیں گے۔
یاد رہے کہ 28 مئی کو صہیونی بیت المقدس پر قبضے کی یاد میں جشن مناتے ہوئے پرچم ریلی نکالتے ہیں۔ ریلی کے دوران مسجد اقصی میں داخل ہوکر پرچم سے رقص کرتے ہیں۔ صہیونی اپنے اس اقدام کے ذریعے فلسطینیوں کو بیت المقدس سے باھر نکالنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس سال ریلی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے مقبوضہ بیت المقدس میں تین ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعیینات تھے جس سے مقبوضہ شہر فوجی چھاونی کا منظر پیش کررہا تھا۔