مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے عالمی یوم نکبہ کے موقع پر کراچی پریس کلب کے سامنے فلسطینی عوام کے حق واپسی کی عالمی مہم کے عنوان سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان نے کی، جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر صابر ابو مریم، اسرار عباسی، یونس بونیری، علامہ باقر زیدی، ثاقب نوشاہی، مفتی فیروز الدین رحمانی، مفتی عبدالوحید یونس، معاذ نظامی، منوج چوہان، موھن سنگھ، ارجن سنگھ، محتشم تھانوی، بشیر سدوزئی، قاری ادریس، علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، ارم بٹ، خالدہ اقبال، علامہ مبشر حسن، محمد علی بخاری، حسین رحمانی، محمد اکرم، ناصر حسینی و دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی رپنماؤں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ احتجاجی مظاہرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بھی شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کے حق واپسی کی عالمی مہم کے عنوان سے نعرے درج تھے، جبکہ فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل ک ناجائز قیام سے متعلق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرامین کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے آویزاں تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور فلسطین کی سرزمین پر قائم کی جانے والی صیہونی ریاست اسرائیل ایک ناجائز اور غاصب ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1948ء میں پندرہ مئی کو لاکھوں فلسطینیوں کو برطانوی استعمار کی سرپرستی میں ان کے گھروں سے جبری طور پر جلا وطن کیا گیا، جو آج بھی تیسری نسل کے ساتھ فلسطین کے پڑوسی ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے وطن واپس جانے کا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئیے کہ انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے فلسطینیوں کو حق واپسی فلسطین دیا جائے، تاکہ وہ فلسطین کی قسمت کا فیصلہ خود کریں۔
مقررین نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جو گذشتہ پچھتر سالوں سے مسلسل فلسطینی عوام کو قتل کر رہی ہے اور ظلم و بربرہت کی بدترین داستیں رقم کر رہی ہے، جس پر پاکستان کے عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ رہنماؤں نے مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر خطے کی عرب ریاستیں باہم متحد ہو جائیں تو چند گھنٹوں میں فلسطین آزاد ہو سکتا ہے۔ مقررین نے غزہ پر جاری مسلسل صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ غزہ میں انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی درندگی اور بربریت کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے نعرے لگائے اور امریکی و اسرائیلی جھنڈوں سمیت برطانوی و بھارتی پرچم بھی نذر آتش کئے۔ واضح رہے کہ پندرہ مئی 1948ء کو انبیاء علیہم السلام کی سرزمین مقدس فلسطین پر برطانوی اور امریکی سرپرستی میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا ناجائز قیام عمل میں لایا گیا تھا، جس کے بعد فلسطینی عوام نے ہمیشہ اس دن کو یوم نکبہ منانے کا اعلان کیا، یعنی تباہی اور بربادی کا بدترین دن۔ آج بھی دنیا بھر میں فلسطینی اس دن کو اپنے حق اور اپنے وطن کی خاطر مظاہرے کرتے ہیں۔