مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فرانس، جرمنی، مصر اور اردن کے وزرائے خارجہ نے صہیونی حکومت سے غزہ میں جارحیت کو جلد روکنے اور فلسطینی تنظیموں کے ساتھ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ میونخ میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے کہا کہ اگر فلسطین میں بدامنی پھیل گئی تو اسرائیل بھی محفوظ نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا صلح چاہتے ہیں جس میں فلسطینی عوام کے مطالبات اور حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہو۔ موجودہ حالات نہایت تشویشناک ہیں جس کی وجہ سے امن کی کوششوں کو دھچکہ لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی کشیدہ صورتحال کا اصلی ذمہ دار اسرائیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستوں کا قیام ہی مسئلے کا حل ہے۔ اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید کشیدہ ہورہے ہیں۔ اسرائیل کو فوری طور پر جارحیت کو روک دینا چاہئے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک غاصب صہیونی فورسز کے حملوں میں 25 فلسطینی شہید اور 76زخمی ہوگئے ہیں۔