مہر خبررساں ایجنسی نے جیو نیوز سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیرِ خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی شروع سے نیب کے خلاف ہے، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہمیں نیب کے ادارے کو بند کرنا ہو گا، پی ٹی آئی پر پابندی کاحامی نہیں۔
کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت سے سیاہ روز ہیں، پیپلز پارٹی اصولی طور پر کبھی خوشی نہیں مناتی جب کوئی سیاستدان گرفتار ہو، سیاست دان گرفتار ہوتے ہیں تو پوری سیاست کا نقصان ہوتا ہے، سیاست دانوں کی گرفتاری پر ہم کبھی جشن نہیں مناتے، نہ مٹھائی بانٹتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھاری دل کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہا ہوں، پیپلز پارٹی نیب کی مخالفت کرتی آ رہی ہے اور پی ٹی آئی حمایت کرتی آئی ہے، خان صاحب نے ایک مہم شروع کرائی کہ نیب کو بچائیں، میاں صاحب حکومت میں آئے تب بھی مطالبہ کیا نیب میں ترامیم لے کر آئیں اور اسے بند کیا جائے مگر ہماری بات نہیں مانی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم سب کا مطالبہ تھا کہ نیب ترامیم کریں، خان صاحب حکومت میں تھے تو ان کا مؤقف تھا کہ اپوزیشن این آر او مانگ رہی ہے، خان صاحب ہماری ترامیم پر نہیں مانے، ہم نیب ترامیم لے کر آئے اس سے فائدہ لینے والے خان صاحب خود ہیں۔