مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ القدس بریگیڈ کے جوانوں نے جمعہ کی صبح نابلس کے علاقے جرزیم میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق القدس کے جوان کاروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
گذشتہ روز عبرانی ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی فورسز کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ایک فلسطینی نوجوان صہیونی سیکورٹی اہلکاروں کی جانب حملے کی نیت سے آگے بڑھا لیکن فورسز نے فائرنگ کرکے اس کو شہید کردیا تھا۔
سوشل میڈیا پر منتشر ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق صہیونی فوجی ایک فلسطینی نوجوان کو گاڑی سے اتارنے کے بعد فورا وحشیانہ انداز میں فائرنگ کرکے اس کو شہید کرتے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مقاومتی گروہوں نے سلفیت ٹاون میں صہیونی فورسز پر حملہ کرکے انتقام لینے کا اعلان کیا تھا۔
دراین اثناء فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی مقاومت پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور مقبوضہ علاقوں کی مکمل آزادی اور اسرائیلی جیلوں میں قید بے گناہ فلسطینیوں کی آزادی تک غاصب حکومت کے خلاف جہاد جاری رہے گا۔