ایران کے وزیر دفاع بریگیڈئیر جنرل آشتیانی نے کہا ہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایران، روس، ترکی اور شام کے وزرائے دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران خطے میں پائیدار امن اور صلح ایجاد کرنے کے بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع بریگیڈئیر جنرل محمد رضا آشتیانی نے چار ملکی وزرائے دفاع کے مشترکہ اجلاس کے دوران روس، ترکی اور شام کے وزرائے دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور تاکید کی کہ ایران اور روس مل کر ترکی اور شام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں۔ ایران دونوں ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت کا حامی اور اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرنے پر آمادہ ہے۔

انہوں نے خطے میں پائیدار امن اور وسیع مذاکرات کے لئے ایران کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی سیکورٹی اور امن ایران کے لئے ہمیشہ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ایران ہر ممکن کوشش کرے گا۔ ماسکو کے اجلاس میں شرکت ایران کے سنجیدہ رویے کا عملی نمونہ ہے۔

جنرل آشتیانی نے مزید کہا کہ مختلف صورتوں میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے عوام کا متفقہ مطالبہ ہے جس کے لئے خطے کے تمام ممالک کا تعاون اور شرکت ضروری ہے۔