پاکستان میں سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت میں انتخابات کی تاریخ کے لیے اے پی سی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سیاسی منظر نامے پر ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عید الفطر کے بعد ون پوائنٹ ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اب تک شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقات کرکے ابتدائی بات چیت کر چکے ہیں۔آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اسلامی کی جانب سے عمران خان اور شہباز شریف کو بلانے کے لیے رابطے شروع کردیے گئے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن الیکشن کے بارے میں ایک تاریخ پر اتفاق کریں، حکومت کو اکتوبر سے قبل جبکہ تحریک انصاف کو مئی کے بعد الیکشن کے لیے رضامند کرنے کی کوشش کی جائےگی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کو جماعت اسلامی سے معاملات آگے بڑھانے کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے نامزد وفود سے جماعت اسلامی کی قیادت کے اے پی سی سے پہلے مزید مذاکرات ہوں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پر جماعت اسلامی سے بات چیت کے لیے پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی قائم کردی۔ مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چودھری اور میاں محمود الرشید کمیٹی میں شامل ہیں۔