مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم میں یوم القدس کے حوالے سے منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کے موقع پر آیت اللہ آملی لاریجانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے عالمی یوم القدس کا تصور پیش کیا۔ آج اس دن کی برکت سے پوری دنیا میں لاکھوں افراد فلسیطنیوں کی حمایت کے لئے سڑکوں پر نکلتے ہیں۔
آیت اللہ لاریجانی نے بیت المقدس کی آزادی کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج عالم اسلام کو درپیش اہم مسائل میں سے ایک بیت المقدس کی آزادی بھی ہے اسی لئے رہبر معظم نے ہمیشہ اس مسئلے کے بارے میں خصوصی تاکید کی ہے کہ یوم القدس کو ہمیشہ زندہ رہنا چاہئے۔
تشخیص مصلحت کونسل کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہمیشہ کی طرح یکجہتی کا اظہار کرتی رہے گی۔ آزادی بیت المقدس کی یہ تحریک بالاخر کامیابی سے ہم کنار ہوکر غاصب صہیونی حکومت کا ناپاک وجود ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گا۔