مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کل بدھ کی شام اسرائیلی قابض فوج نے مسلسل تیسرے روزمسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی وحشیانہ کارروائی کی جس میں مزید متعدد نمازی زخمی اور گرفتار کرلیے گئے۔
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ درجنوں قابض فوجیوں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر مسجد اقصیٰ پر حملہ کر کے نمازیوں کو القبلی کے نماز گاہ سے باہر نکال دیا۔ اس موقعے پر قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف میں بیٹھے روزہ داروں پر چڑھائی کردی اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج اور پولیس نے مسجد القبلی کا محاصرہ کرکے وہاں پر نمازیوں کو داخلے سے روک دیا۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کا امدادی عملہ مسجد میں موجود ہے مگر اسے اسرائیلی پولیس کی طرف سے پابندیوں کا سامنا ہے۔
عینی شاہدین فلسطینی الشہاب نیوزنیٹ ورک کو بتایا کہ قابض فوج نے مسجد قبلی کی چھت پر چڑھ کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اورانہیں مسجد اقصیٰ سے نکلنے پرمجبور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے چڑھائی کی اور مسجد کے اندر عبادت کرنے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔