تہران کے مئیر علی رضا زاکانی نے خطے کا مستقبل روشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض امریکی جلد خطے سے نکلنے پر مجبور ہوں گے، صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی اور جابرانہ نظام کا خاتمہ قریب ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، العالم چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تہران کے مئیر نے کہا کہ ایشیائی اور شمالی افریقہ کے ممالک آزادی کی راہ پر گامزن ہیں۔ ان خطوں کے ممالک دنیا کے دوسرے خطوں سے آگے ہیں۔ استعماری طاقتوں نے اسرائیل جیسے آلہ کاروں کو مختلف خطوں میں تعیینات کررکھا ہے۔ لیکن آج اسرائیل اندرونی اور بیرونی محاذوں پر سقوط کا شکار ہے۔

زاکانی نے کہا کہ امام خمینی نے کلمہ طیبہ کو محور کو بناکر انقلاب اسلامی کی بنیاد رکھی۔ آج انقلاب اسلامی مختلف ممالک کے لئے مشعل راہ بن گیا۔ گذشتہ چالیس سالوں میں ہم نے مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی آزادی کا دفاع کیا ہے۔ امریکہ نے داعش اور النصرہ فرنٹ جیسی دہشت گرد تنظیمیں بنالیں تاکہ خطے کے ممالک پر تسلط اور اپنے ناجائز مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

تہران کے مئیر نے مزید کہا کہ خطے کے تمام ممالک آپس میں متحد ہوگئے ہیں۔ شہید قاسم سلیمانی نے اس نہضت کی قیادت کی۔ آج دشمن خطے میں شکست اور شرمندگی کا سامنا کررہے ہیں۔ خطے میں امریکہ کو ہونے والی شکست سے اندازہ ہوگیا کہ امریکہ اور اسرائیل پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔ ان پر اعتبار کرنا غلطی ہے کیونکہ ان کا وجود مکڑے کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور وحدت کی فضا ایجاد ہورہی ہے اس وجہ سے خطے کا مستقبل روشن اور امریکہ اور اسرائیل کا زوال قریب ہے۔