مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب کا نمائندہ اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سکریٹری ایڈمرل علی شمخانی سے ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے ایڈمرل شمخانی کے دورہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر مبارکباد پیش کی۔
السودانی نے مزید کہاکہ عراقی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے ایرانی بھائیوں کی خاص طور پر مشکل وقت میں حمایت اور مدد کی قدر کرتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم نے شہدائے مقاومت شہید جنرل سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے مقاومت ایران اور عراق کی دوستی کی ایک زندہ مثال ہیں۔
السودانی نے دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے اور مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی میدان میں تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ تہران اور بغداد کے درمیان ایک اہم سیکورٹی معاہدے پر دستخط سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اور عراق کے حکام کی رائے ہے کہ دونوں ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے الگ نہیں ہے۔
السودانی نے کہاکہ ملک کے آئین اور باہمی ذمہ داریوں کی بنیاد پر عراقی حکومت کسی بھی فریق کو ایران کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔