مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ایڈمرل علی شمخانی عنقریب عراق کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق ایڈمرل علی شمخانی کا یہ دورہ، چین اور متحدہ عرب امارات کے دوروں کے بعد تیسرا اہم دورہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمخانی اپنے دورۂ عراق کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے حجم کو 10 بلین ڈالر تک پہنچانے اور اس میں مزید اضافے کے لئے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے عراقی حکام سے تبادلۂ خیال کریں گے۔
یاد رہے کہ عراق ایران کو دوسرا بڑا تجارتی شریک ہے۔ شمخانی کے دورۂ چین کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر اتفاق رائے ہوا تھا جس میں عراق، عمان اور چین نے اہم کردار ادا کیا۔ ایڈمرل علی شمخانی نے گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا جسے عالمی ذرائع ابلاغ میں خاص اہمیت کی نظر سے دیکھا گیا۔