ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی سے دونوں ملکوں، خطے اور عالم اسلام کو عظیم مواقع اور صلاحیتیں فراہم ہوتی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے آج (جمعہ) 10 مارچ کو ٹویٹر پر ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی دونوں ملکوں، خطے اور عالم اسلام کو عظیم مواقع اور صلاحیتیں فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ 13ویں ایرانی حکومت کی خارجہ پالیسی کے کلیدی محور کے طور پر ہمسائیگی کی پالیسی درست سمت میں مضبوطی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ایرانی سفارتی مشینری بھرپور انداز میں مزید علاقائی اقدامات کی زمین ہموار کرنے میں سرگرم عمل ہے۔