ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نابلس پر قابض صہیونی افواج کے آج کے وحشیانہ حملے جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں کی شدید مذمت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر صہیونی غاصب فوج کے آج شروع کیے گئے وحشیانہ حملے اور درجنوں فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ صہیونی غاصب ریاست اور اس کی نسل پرست اور انتہا پسند حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے اور اس کی مذمت کے لیے فوری اقدام کرے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران مغربی کنارے میں صہیونیوں کی مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے تسلسل اور ان میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نابلس اور جنین کے علاقوں پر حملہ، بچوں، خواتین اور بزرگوں کا قتل اور فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری جاری ہے۔ اس خطرناک صورتحال کا تسلسل جو ذمہ دار بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے جھوٹے مغربی دعویداروں کی خاموشی اور بے حسی کے سائے میں جاری ہے ناقابل برداشت اور ان کے لیے باعث شرم ہے۔

انہوں نے القدس ﴿یروشلم﴾، جنین، نابلس اور تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عوام اور خاص طور پر فلسطینی نوجوانوں کی بہادرانہ مزاحمت کو سراہتے ہوئے، اسلامی ملکوں کے رہنماوں سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام اور ان کی جائز مزاحمت کی حمایت میں متفقہ موقف اور مربوط اقدام اٹھایا جائے جو صہیونی نسل پرست حکومت کے انسانیت سوز اور دہشت گردانہ اقدامات کے خلاف مزاحمت کر رہی ہے۔
 

لیبلز