مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقامی فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی پر علی الصبح صہیونی دشمن طیاروں کے حملے مغربی کنارے، القدس اور 1948 کے مقبوضہ علاقے میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صہیونی دشمن کے مسلسل جرائم کی کڑی کا حصہ ہیں۔
حازم قاسم نے کہا کہ فلسطینی قوم اور مقاومت کو حق حاصل ہے کہ وہ دشمن کے جرائم کے خلاف اپنے پاس موجود تمام وسائل سے دفاع کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ کی پٹی میں مقاومت نے اپنے فرائض پر عمل کر رہی ہے اور فلسطینی قوم اور مقدسات کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہے۔
در ایں اثنا جہاد اسلامی کے ترجمان طارق سلمی نے بھی کہا کہ غزہ میں مقاومت کا پیغام اس بات کا غماز ہے کہ مقاومت مکمل تیاری کے ساتھ ہے اور فلسطینیوں کا خون بہانے پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور صہیونی دشمن کو خبردار کرتی ہے کہ اس کے جرائم کا جواب دینے سے کبھی دریغ نہیں کرے گی۔
سلمی نے کہا کہ مقاومت کی جانب سے آج علی الصبح صہیونی دشمن کے وحشیانہ حملے کا مقابلہ مقاومت کے پیغام کا ایک حصہ ہے اور دشمن کو ہوشیار رہنا چاہیے اور جان لینا چاہیے کہ فلسطینیوں کا خون بہت قیمتی ہے اور جنین اور القدس کو مضبوط حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقاومت اپنے دفاع کے لئے فلسطینی عوام کا مسلملہ اور ناقابل تنسیخ حق ہے۔ مقاومتی گروہ متحد ہیں اور دشمن ان کے درمیان پھوٹ نہیں ڈال سکتے۔