مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یہ بیان یورپی یونین کے وزراء کی جانب سے پیر کے روز ایران کے خلاف پابندیوں کے نئے پیکج پر اتفاق کے بعد دیا۔ بعد ازاں برطانیہ کی حکومت نے بھی انسانی حقوق کے مبینہ مسائل پر ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کیں۔
ناصر کنعانی نے ایران پر عائد کردہ نئی غیر قانونی پابندیوں کی شدید مذمت کی اور یورپی یونین اور برطانیہ کے اقدام کو ایران کے حقائق کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہونے اور ملک کی حاکمیت و طاقت کے حوالے سے ان کی الجھن کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے متعدد ایرانی ارکان پارلیمنٹ اور عدالتی اور فوجی حکام پر پابندیاں ایران میں عدم تحفظ پیدا کرنے میں ان کی حالیہ ناکامی پر مایوسی اور غصے کو ظاہر کرتی ہیں۔
کنعانی نے مزید کہا کہ یقیناً وہ اچھی طرح سے آگاہ ہیں کہ پابندیاں ایرانی قوم کے غیر ملکی مداخلت اور سازشوں سے نمٹنے کے عزم کو متاثر نہیں کریں گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایسی ناکام پالیسیوں کے خلاف جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور جلد ہی یورپی یونین اور برطانیہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں اور دہشت گردی کو فروغ دینے والوں کے خلاف نئی پابندیوں کی فہرست کا اعلان کرے گا۔