ایرانی صدر نے کہا کہ ایران روس کے ساتھ معاہدوں پر مکمل عمل در آمد کو مد نظر رکھے ہوئے ہے۔ دونوں ملکوں کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتی ہیں اور ان کے استعمال سے علاقائی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے آج پیر کی سہ پہر روسی فیڈریشن کی وفاقی اسمبلی کے ریاستی دوما کے سربراہ "ویاچسلاو والودین" کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط ہیں اور مسلسل مضبوطی اور بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے پاس تجارت، توانائی، ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹیشن کے مختلف شعبوں میں متنوع اور بے شمار صلاحیتیں ہیں، جنہیں تعاون کو وسعت دینے کے میدان میں فعال کیا جا سکتا ہے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران روس کے ساتھ معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کو مد نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتی ہیں اور ان کے استعمال سے دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ کے علاوہ علاقائی فوائد بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔

روسی فیڈریشن کی وفاقی اسمبلی کے ریاستی ڈوما کے سربراہ ویاچسلاو ویلوڈن نے بھی علاقائی اور ہمسایہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے بارے میں صدر رئیسی کے مؤقف کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے میں مددگار قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاملات کی سطح کو بہتر بنانے کے بارے میں روسی فیڈریشن کا نقطہ نظر اور رائے بھی یہی ہے۔ 
 

لیبلز