مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمعرات کی شام چین کے نئے وزیر خارجہ کن گینگ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
امیر عبداللہیان نے چینی حکومت اور عوام کو نئے چینی سال کی آمد پر مبارکباد دی اور نئے وزیر خارجہ کے طور پر گینگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
چین کے نائب وزیر اعظم کے حالیہ کامیاب دورہ تہران کا حوالہ دیتے ہوئے اعلی ایرانی سفارت کار نے ایران اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کو جاری رکھنے کو بہت اہم قرار دیا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کا ملک تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے، کن گینگ نے اس سمت میں وزرائے خارجہ کی مشاورت اور اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے سمیت تمام مواقع کو بروئے کار لانے پر زور دیا اور امیر عبداللہیان کو دورہ چین کی دعوت دی۔