ایرانی صدر نےسپاہ پاسداران کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے یورپی پارلیمنٹ کے حالیہ اقدام کو مایوسی کے تحت اٹھایا جانے والا اقدام قرار دیا۔ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے پاسداران انقلاب اسلامی کا نام یورپی یونین کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ڈالنے اور ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کے حالیہ اقدام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ اقدام مایوسی کے تحت اور ایرانی عوام کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششوں ﴿حالیہ فسادات﴾ کے بعد اٹھایا گیا تا کہ وہ بزعم خویش ایرانی قوم کو آگے بڑھنے سے روک سکیں۔

صدر رئیسی نے پاسداران انقلاب اسلامی کو ایک سرکاری فورس اور ملک کے عسکری ڈھانچے کا حصہ قرار دیا اور مزید کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے۔