مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے آج صبح عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات کی اور انہیں ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کا مکتوب پیغام پہنچایا۔ دونوں رہنماوں نے دلچسپی کے مشترکہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کے پیغام میں عمان کے سلطان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔
در ایں اثنا ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کے سلطنت عمان کے دورے کے موقع پر انجام پانے والے امور کی طرف اشارہ کیا اور مذکورہ دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر تاکید کی۔
امیر عبداللہیان نے تجارت، معیشت، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کی جامع ترقی پر زور دیا۔
دوسری جانب عمان کے سلطان نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل قریب میں ایران کا دورہ کریں گے اور آئندہ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے ایجنڈے میں شامل مسائل کو فروغ دیا جائے گا۔