مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بغداد کانفرنس کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے اردن کے دارالحکومت عمان کا سفر کرنے والے امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔
امیر عبداللہیان نے عربی میں ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سعودی وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے اپنے ملک کی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ انہوں نے بغداد کانفرنس 2 کے موقع پر اپنے عمانی، قطری، عراقی اور کویتی ہم منصبوں سے بھی بات چیت کی۔
اس سے قبل پیر کے روز امیر عبداللہیان نے تہران کے تیسرے ڈائیلاگ فورم کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی معمول کی حالت میں واپس آنے اور جب بھی سعودی فریق تیار ہو گا سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یکطرفہ طور پر تعلقات منقطع کرنے کے بعد ایران اور سعودی عرب اب تک تعلقات کو سابقہ سطح پر واپس لانے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے لیے بغداد میں مذاکرات کے پانچ دور کر چکے ہیں۔