مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے منگل کی شب اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی اور علاقائی پیشرفت اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے "بغداد ٹو" کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اردن کا شکریہ ادا کیا۔
امیر عبداللہیان نے امن، استحکام اور سلامتی کو مضبوط بنانے اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مشترکہ سیاسی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں پر بھی بات کی اور اردن کے ساتھ سیاسی تعلقات کو وسعت دینے اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔اس ملاقات میں جس میں اردن کے ولی عہد، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور بعض سیکیورٹی حکام نے شرکت کی، شاہ عبداللہ نے ایرانیوں کے لئے اردنی عوام کے احترام پر مبنی نقطہ نظر کی طرف اشارہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے ایک نئے باب کے آغاز پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ استحکام اور سلامتی کے قیام میں تعاون اور شرکت میں مسلم ممالک کی تقدیر یکساں ہے۔ملاقات میں امیر عبداللہیان نے ایرانی صدر رئیسی کا مکتوب پیغام اردن کے بادشاہ تک پہنچایا شاہ اردن نے ایرانی صدر کے مخلصانہ پیغام پر شکریہ ادا کیا۔