مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران کے اندرونی حالات کے بارے میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر کے تازہ بیان سمیت امریکی حکام کے مسلسل مداخلت پسندانہ اظہارات کے ردعمل میں کہا کہ ماضی اور موجودہ دور میں امریکی انتظامیہ کی تاریخ اور نقطہ نظر پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ انسانی حقوق کو اس کی سیاست اور کام میں کوئی حقیقی جگہ نہیں ہے اور امریکی حکومت نے ہمیشہ انسانی حقوق کے معاملے پر سیاسی، آلہ کار رویہ رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے صیہونی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات اور اتحاد انسانی حقوق کے معاملے میں امریکی غلط رویے کی دیگر مثالوں میں سے ایک ہے جو ہم پیش کرتے ہیں۔
کنعانی نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر کے تازہ اظہارات کو بھی انسانی حقوق کے دفاع کے بہانے ایران میں حالیہ بدامنی میں امریکی مداخلت اور حمایت کی ایک اور مثال قرار دیا اور ایرانی قوم پر عائد غیر انسانی امریکی پابندیوں پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایرانی قوم کی زندگی، صحت، سلامتی اور معاش پر پابندیوں کے غیر انسانی نتائج کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا انہوں نے ظالمانہ اور، اپنے الفاظ میں، تمام ایرانی عوام بشمول ایرانی بچوں، عورتوں، لڑکیوں اور ماؤں پر مفلوج کردینے والی پابندیاں عائد کیں۔
کنعانی نے تاکید کی کہ امریکی اہلکاروں کی منافقت اور مسلسل جھوٹ بولنے کے باوجود دنیا کی رائے عامہ کو اس کی انسانی حقوق کی سیاہ تاریخ کے بارے میں کافی علم ہے اور وہ ان کی بیان بازی اور سیاسی ڈراموں سے دھوکہ نہیں کھا سکے گی۔