ایرانی پارلیمنٹ کے رکن اور پارلمانی کمیٹی کے چیرمین حجۃ الاسلام نصراللہ پژمانفر نے مہر خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں شیراز حملے اور شاہ چراغ دہشت گردی کے سانحے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ استکباری قوتوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر اب تک اسلامی انقلاب کے ساتھ مڈبھیڑ میں مختلف قسم کے پرتشدد رد عمل ظاہر کئے ہیں۔ انہوں نے ہمارے ملک پر مختلف تلخ سانحات مسلط کئے ہیں اور مختلف ادوار میں ہماے حکام اور عوام کا قتل ان کے ایجنڈے کا حصہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ١۷ ہزار سے زیادہ دہشت گردی کی قربانیاں دی ہیں۔ دشمن جب اسلامی جمہوریہ کے سامنے بے بس ہو کر بند گلی میں پہنچ جاتے ہیں تو اس جیسی بربریت اور دہشت گردی کی کاروائیاں کرتے ہیں اور اپنے باطل خیال میں تصور کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور رعب و وحشت پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرلیں گے۔
ایرانی پارلمنٹ میں مشہد کے نمائندے نے کہا کہ بقول امام خمینی ﴿رہ﴾ ہم دشمنوں سے کہتے ہیں کہ ہمیں قتل کرو، ہماری قوم مزید بیدار ہوجائے گی۔
پارلمانی کمیٹی کے چیرمین نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات کے دوران دشمنوں کو امید تھی کہ ہمارے عوام اسلامی نظام کے خلاف کھڑے ہوجائیں گے، تاہم ہمارے عوام کی قاطعانہ اکثریت نے اپنے قول اور عمل میں ثابت کردیا کہ اسلامی انقلاب پر کاربند ہیں۔
حجة الاسلام پژمانفر نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ہمارے عوام بعض اوقات مختلف سماجی، معاشی اور ثقافتی معاملات کے حوالے سے کچھ برحق گلے شکوے رکھتے ہوں جبکہ لازمی ہے کہ ان گلے شکووں کی بنیادوں کو ختم کیا جائے اور عوام کے معقول اور منطقی مطالبات اور باتوں کو سنا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ہمارے عوام اور خاص طور نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ اپنے مطالبات کو منوانے اور معاشرے کے مسائل کو حل کرنے کا راستہ وہ نہیں ہے جو اسلامی جمہوریہ کے دشمن دکھا رہے ہیں۔ دشمن اس درپے ہیں کہ ایران کا اسلامی نظام سرے سے ہی ختم کردیا جائے اور اسے کلی طور پر نیست و نابود کردیا جائے اور ملک استکباری بلاک کے ہاتھوں چلا جائے۔
حجة الاسلام پژمانفر نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ تاہم ان تمام مشکلات اور سازشوں کے باوجود انقلاب اور اسلامی نظام کا تناور درخت اپنی پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ عوام کی دین اور انقلاب کے ساتھ قلبی وابستگی ہے۔ ہماری عوام اور خاص طور پر نوجوانوں نے انقلاب کی پر نشیب و فراز تاریخ میں ہمیشہ بصیرت و آگاہی کا ثبوت دیا ہے اور ہمیشہ اپنے دل و جان سے انقلاب اور اسلامی نظام کی حفاظت کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انقلاب یہ مرحلہ بھی سلامتی کے ساتھ عبور کر لے گا اور ہمارے عوام، انقلابی قوم اور نوجوان ہی اس میدان سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔
اجراء کی تاریخ: 30 اکتوبر 2022 - 08:10
ایرانی پارلیمنٹ کے رکن اور پارلمانی کمیٹی کے چیئرمین نے کہاکہ دشمن جب اسلامی جمہوریہ کے سامنے بے بس ہو کر بند گلی میں پہنچ جاتے ہیں تو ہمارے ملک میں دہشت گردی جیسی کاروائیاں کرتے ہیں۔