مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستان کےسابق وزیر اعظم اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کا آغاز آج لبرٹی چوک لاہور سے ہوگا۔
حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کےلیے کارکن لبرٹی چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد بھی وہاں موجود ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ مرکزی کنٹینر بھی وہاں پہنچا دیا گیا ہے اور عمران خان جمعے کی نماز کے بعد پہنچیں گے۔ پہلے دن لانگ مارچ لاہور میں ہی رہے گا ۔ لبرٹی چوک سے لانگ مارچ اچھرہ، مزنگ،ایم او کالج، جنرل پوسٹ آفس چوک ،داتا دربارسے آزادی چوک پہنچے گا۔
لانگ مارچ اگلے دن شاہدرہ سے شروع ہوگا۔ دوسرے روز ہفتے کو مریدکے ،کامونکی سے گوجرانوالہ پہنچے گا۔ لانگ مارچ ڈسکہ سے ہوتا ہوا سیالکوٹ پہنچے گا۔
لانگ مارچ ، سمبڑیال، وزیر آباد سے ہوتا ہوا گجرات پہنچے گا۔ لالہ موسی کھاریاں سے جہلم جائے گا۔ گوجر خان سے راولپنڈی اور چار نومبر جمعے کو راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوگا ۔
عمران خان نے لانگ مارچ کی پلاننگ میں تھوڑی سی تبدیلی کردی۔ انہوں نے حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں لانگ مارچ میں عوام پیدل چلیں گے اور گھروں سے جوگرز پہنچ کر آئیں کیونکہ آج صرف مینار پاکستان تک جانا ہے، درمیان میں 4 سے 5 مقامات پر خطاب ہوگا۔
گاڑیاں پیچھے ہوں گی اور لوگ پیدل مارچ کے ساتھ ساتھ آگے آگے چلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں آبادی سے لانگ مارچ گزرے گا لوگ پیدل چلیں گے۔ اگلے جمعہ کو ہم راولپنڈی پہچیں گے۔